نئی دہلی،22/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) پالیسی کمیشن کے نائب صدر راجیو کمار نے بھروسہ جتایا ہے کہ ہندوستان 21-2020سے آٹھ فیصد سے زیادہ کی اقتصادی ترقی کی شرح حاصل کر لے گا۔انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی جیسے اصلاحات اب نتائج دینے لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اگلے پانچ سال میں ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح کو موجودہ سات فیصد سے بڑھا کر آٹھ فیصد سے زیادہ کرنے پر توجہ دے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کو پانچ ہزار ارب ڈالر کی معیشت بنانے میں آسانی ہو گی۔ذاتی طور پر مجھے لگتا ہے کہ 21-2020سے ہم آٹھ فیصد سے زیادہ کی اقتصادی ترقی کی شرح حاصل کر لیں گے جو اگلے کئی سال تک برقرار رہے گی۔اس کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور جی ایس ٹی اور دیگر اصلاحات سے تبدیلی ہونے لگی ہے۔ ان تبدیلیوں نے استحکام حاصل کرنے میں وقت لیا لیکن اب اس سے فائدہ سامنے آنے لگا ہے۔ ہندوستان کے پاس 10 فیصد سے زیادہ کی شرح سے اقتصادی ترقی کرنے کی صلاحیت ہے۔کمار نے روزگار کے بارے میں کہا کہ اگلے پانچ سال میں ملک میں بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔